پٹنہ، 19/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) بہار کے نوادہ میں دلت بستی میں تقریباً 800 مکانات کو نذر آتش کرنے کے واقعے پر حزب اختلاف نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے این ڈی اے اور نتیش حکومت پر زبردست تنقید کی ہے۔ کانگریس کے رہنما ملکارجن کھڑگے، پرینکا گاندھی، اور بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی سمیت کئی دیگر لیڈروں نے اس معاملے پر اپنی آواز اٹھائی ہے۔ پرینکا گاندھی نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ناانصافی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے، اور متاثرین کی مناسب بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
ملکارجن کھرگے نے ایکس پر لکھا، ’’بہار کے نوادہ میں مہادلت ٹولہ پر دبنگوں کی دہشت این ڈی اے کی ڈبل انجن والی حکومت کے جنگل راج کا ایک اور ثبوت ہے۔ یہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ تقریباً 100 دلتوں کے گھروں کو آگ لگا دی گئی، گولی مار دی گئی۔ غریب خاندانوں سے سب کچھ چھین لیا گیا۔‘‘
انہوں نے مزید لکھا، ’’بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں کی دلتوں-محروموں کے تئیں بے حسی، مجرمانہ غفلت اور غیر سماجی عناصر کی پشت پناہی اب عروج پر ہے۔ وزیر اعظم مودی ہمیشہ کی طرح خاموش ہیں، نتیش کمار اقتدار کے لالچ میں لاپروا ہو گئے ہیں اور این ڈی اے کے اتحادی صدمے میں ہیں۔‘‘
پرینکا گاندھی واڈرا نے انسٹاگرام پر لکھا، ’’بہار کے نوادہ میں مہادلتوں کے 80 سے زائد گھروں کو نذر آتش کرنے کا واقعہ انتہائی خوفناک اور قابل مذمت ہے۔ درجنوں راؤنڈ فائرنگ کر کے اتنے بڑے پیمانے پر دہشت پیدا کرنا اور لوگوں کو بے گھر کرنا، یہ ظاہر کرتا ہے کہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے اور عام دیہاتی-غریب خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ میرا ریاستی حکومت سے مطالبہ ہے کہ ایسی ناانصافی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور تمام متاثرین کی مناسب بازآبادکاری کی جائے۔‘‘
بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے بھی اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا، ’’بہار کے نوادہ میں دبنگوں کی طرف سے کئی غریب دلتوں کے متعدد گھروں کو جلا کر ان کی زندگیاں برباد کرنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور سنگین ہے۔ حکومت مجرموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے اور متاثرین کی کی بازآبادکاری کے انتظامات کے لیے مکمل مالی امداد بھی فراہم کرے۔‘‘
وہیں، آر جے ڈی کے ترجمان مرتیونجے تیواری نے کہا کہ بہار میں دلتوں کے گھر جلائے جا رہے ہیں اور حکومت سکون کی نیند سو رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے ٹھیک کہا ہے کہ بہار میں ’مہا جنگل راج‘ سے بڑا ’مہا راکشس راج‘ آ گیا ہے۔ دلت بھائیوں پر مظالم کو کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ بہار جس طرح جل رہا ہے اس پر وزیر اعظم مودی اور این ڈی اے کو بولنا چاہئے۔